سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اس کے اطراف میں شدید دھند چھائے رہنے کے باعث فلائٹ آپریشن جزوی طور پر متاثر ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
ایئرپورٹ کے ترجمان محمد عمیر خان کے مطابق محفوظ فضائی آمد و رفت کے لیے کم از کم 500 میٹر حدِ نگاہ ضروری ہوتی ہے، تاہم اس وقت حدِ نگاہ کم ہو کر صرف 100 میٹر رہ گئی ہے، جس کے باعث پروازوں کی روانگی اور آمد متاثر ہو رہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ جیسے ہی دھند کی شدت میں کمی آئے گی، تمام فضائی آپریشن دوبارہ معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔ ایئرپورٹ انتظامیہ مسلسل تمام ایئر لائنز کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ صورتحال پر نظر رکھی جا سکے۔
مسافروں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پروازوں کے حوالے سے تازہ معلومات متعلقہ ایئر لائن سے ضرور حاصل کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔









