بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جسٹس جمال مندوخیل کا ریمارکس، “اتنی خطرناک صورتحال ہے تو بچوں کو موبائل نہیں دینا چاہیے”

سوشل میڈیا پر خواتین کے خلاف غیر اخلاقی پوسٹس کے معاملے میں سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت کے دوران تشویشناک ریمارکس دیے۔ جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ملزم کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران مدعی کے وکیل رضوان عباسی نے بتایا کہ ملزم طیب ڈار نے سوشل میڈیا پر خواتین کے حوالے سے غیر اخلاقی مواد شیئر کیا، جس کا مواد عدالت میں پڑھنا بھی مشکل تھا۔ ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پوسٹس ملزم کے بیٹے نے لگائیں، اور بیٹے کے اقدامات کی ذمہ داری باپ پر نہیں ڈالی جا سکتی، کیونکہ باپ کے نام کی سم بیٹے استعمال کر رہا تھا۔
رضوان عباسی نے کہا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ باپ اور بیٹے دونوں موبائل استعمال کرتے تھے۔ اس پر جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ “اتنی خطرناک صورتحال ہے تو بچوں کو موبائل نہیں دینا چاہیے۔ ایسا جرم ہوا تو سختی سے دیکھنا ہوگا، اور کسی کی عزت کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔”
جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ کیا ملزم کو معلوم نہیں تھا کہ اس کے نمبر سے بکواسیات ہو رہی ہیں، اور موجودہ دستاویزی شواہد ملزم طیب ڈار کے خلاف ہیں۔
عدالت نے مدعی کے وکیل کو مزید دستاویزات جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔