وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب کو مزید محفوظ بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے 98 تحصیلوں میں اسمارٹ سیف سٹیز کے قیام کے منصوبے پر معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔ یہ اقدام صوبے میں سیکیورٹی اور عوامی تحفظ کو فروغ دینے کی جانب ایک نمایاں پیش رفت ہے۔
اس موقع پر سینٹرل پولیس آفس میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایم ڈی نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) بریگیڈیئر عظمت شبیر اور ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت این آر ٹی سی 31 دسمبر 2026 تک پنجاب کی تمام 98 تحصیلوں میں اسمارٹ سیف سٹیز قائم کرے گی۔
تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹیز کیپٹن (ر) مستنصر فیروز، سی پی ایل او عبد اللہ احمد، ایس ایس پی سیف سٹی محمد افضل اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔ این آر ٹی سی کی جانب سے جی ایم بریگیڈیئر (ر) زاہد میتلا، جنرل مینجر بریگیڈیئر (ر) شاہد منظور، جنرل مینجر سید عامر جاوید اور پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) مظفر احمد بھی شریک ہوئے۔
ایم ڈی سیف سٹی احسن یونس کے مطابق فیز ون میں ملتان، شیخوپورہ، سیالکوٹ، جہلم، اٹک، سرگودھا اور ڈی جی خان سمیت 18 شہروں میں اسمارٹ سیف سٹیز کے پراجیکٹ مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ فیز ٹو کے تحت مزید 19 شہروں میں 31 مارچ تک اسمارٹ سیف سٹیز کی تکمیل متوقع ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے رہنمائی میں تحصیل کی سطح پر سیف سٹیز کے قیام سے پنجاب میں شہری تحفظ کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے گا۔









