انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) کی جانب سے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن مسلسل جاری ہے۔ حالیہ کارروائیوں کے دوران اے این ایف نے خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ مجموعی طور پر 23 کروڑ 13 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 198.15 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں۔
اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں کے گردونواح میں خصوصی کارروائیاں کی گئیں۔ سائٹ ایریا کراچی میں ایک یونیورسٹی کے قریب سے 4.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
دیگر کارروائیوں میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کے کارگو شیڈ سے بحرین بھیجے جانے والے ایک پارسل میں کپڑوں کے اندر چھپائی گئی 122 گرام آئس برآمد کی گئی۔ اسی طرح کامرہ روڈ اٹک پر ایک خاتون کے قبضے سے 1.1 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
لاہور میں ایک ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 530 گرام ویڈ برآمد ہوئی، جبکہ اسلام آباد میں پی ڈبلیو ڈی روڈ کے قریب ایک ملزم سے 2 گرام کوکین برآمد کی گئی۔
سب سے بڑی کارروائی بلوچستان میں کی گئی جہاں خوجک بائی پاس، ضلع کوئٹہ سے 192 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے اور تعلیمی اداروں کو محفوظ بنانے کے لیے ایسے آپریشنز مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔









