بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا پشاور ناردرن بائی پاس منصوبے کی تکمیل کے لیے بڑا فیصلہ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفیردی کی زیر صدارت پشاور ناردرن بائی پاس منصوبے سے متعلق اجلاس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے منصوبے کی تکمیل کے لیے 3.9 ارب روپے بریج فنانسنگ کے طور پر فراہم کرنے کی منظوری دی، جبکہ دو انڈر پاسز اور ایک پل کی تعمیر کے لیے مزید ایک ارب روپے صوبائی حکومت کی جانب سے مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (NHA) کے حکام نے یقین دہانی کروائی کہ منصوبہ جون 2026 تک مکمل کر دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاقی سطح پر ناکافی فنڈنگ کی وجہ سے یہ منصوبہ 2010 سے مکمل نہیں ہو سکا اور اس تاخیر کی وجہ سے خیبر پختونخوا کے دیگر ترقیاتی منصوبے بھی سست روی کا شکار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ عوامی مفاد کے لیے نہایت اہم ہے، اور صوبائی حکومت اس کی جلد تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ اس منصوبے سے نہ صرف سفری سہولتیں بہتر ہوں گی بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک منصوبے پر 23.5 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں اور مجموعی مالیاتی پیش رفت 85.6 فیصد ہے۔ مختلف پیکجز کی فزیکل پیش رفت درج ذیل ہے:
پیکج ون: 100٪
پیکج ٹو: 64٪
پیکج تھری: 86.6٪
پیکج تھری اے: 69٪
اجلاس میں مشیر خزانہ مزمل اسلم، ممبر نیشنل ہائی ویز، کمشنر پشاور اور متعلقہ صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
یہ اقدام منصوبے کی تکمیل کی راہ ہموار کرے گا اور پشاور کی ٹریفک اور تجارتی مواقع میں خاطر خواہ بہتری لانے کی امید ہے۔