بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت ارفع کاخواب حقیقت میں بدلنے کیلئے پُرعزم، شہباز شریف

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کم عمر ترین مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم رندھاوا کی برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ارفع کریم پاکستانی نوجوانوں کی ذہانت، صلاحیت اور نوجوانوں کی بے پناہ قوت کی روشن علامت تھیں اور نہایت کم عمری میں عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ارفع کریم رندھاوا نے ثابت کیا کہ پاکستانی نوجوان کسی سے کم نہیں اور اُن کی کامیابیاں آج بھی ہمارے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارفع کریم کا خواب ایک جدید، علم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ پاکستان تھا، اور لاہور میں تعمیر شدہ سافٹویئر ٹیکنالوجی پارک کو ارفع کریم سے منسوب کرنا ہمارے لیے باعث فخر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر کے ارفع کریم رندھاوا کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پُرعزم ہے۔ وزیرِ اعظم نے ارفع کریم کے والدین اور اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور قوم کو اُن کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق دے۔