اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ اینڈ کومنگ آپریشن کیا گیا۔ زونل ایس پیز کی نگرانی میں کیے جانے والے اس آپریشن میں لیڈیز پولیس نے بھی حصہ لیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 281 افراد، 164 گھروں اور 16 دکانوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ اسی دوران 121 موٹر سائیکلوں اور 31 گاڑیوں کو بھی چیک کیا گیا۔
آپریشن کے دوران 26 مشکوک افراد اور 13 موٹر سائیکلیں مزید تحقیقات کے لیے تھانوں منتقل کی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد شہر میں جرائم کا سدباب کرنا ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے ضلع بھر میں جرائم کی روک تھام کے لیے گرینڈ سرچ آپریشنز کے احکامات جاری کیے ہیں۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ چیکنگ کے دوران پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً پولیس کو دیں۔پولیس نے واضح کیا کہ شہریوں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔









