پاکستان توانائی کے شعبے میں مقامی پیداوار بڑھانے اور درآمدی انحصار کم کرنے کی سمت ایک اور اہم قدم آگے بڑھا چکا ہے۔ ایس آئی ایف سی کے اصلاحاتی وژن کے تحت بلوچستان میں گیس کی ایک بڑی دریافت سامنے آئی ہے۔
ماری انرجیز لمیٹڈ نے ضلع ڈیرہ بگٹی میں واقع کلچس ساؤتھ بلاک کے تبری-1 کنویں میں کامیاب گیس دریافت ہونے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ یہ اس بلاک میں پہلا کامیاب کنواں ہے، جو ملکی سطح پر گیس کی پیداوار میں اضافے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
تبری-1 کنواں گزشتہ برس کھودا گیا تھا اور اسے 7,170 فٹ کی گہرائی تک ڈرل کیا گیا۔ ابتدائی ٹیسٹنگ کے دوران کنویں سے یومیہ 11 ایم ایم ایس سی ایف ڈی تک گیس کے بہاؤ کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ کنویں کی مکمل پیداواری صلاحیت جانچنے کے لیے مزید ٹیسٹنگ اور تجزیاتی عمل جاری ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ دریافت مقامی گیس پیداوار میں اضافے، درآمدی ایندھن پر انحصار میں کمی اور قومی توانائی تحفظ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس منصوبے میں یونائیٹڈ انرجی پاکستان لمیٹڈ بطور آپریٹر شامل ہے، جبکہ ماری انرجیز لمیٹڈ اور دیوان پیٹرولیم جوائنٹ وینچر کے شراکت دار ہیں۔
ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے حاصل ہونے والی یہ کامیابی بلوچستان میں توانائی کے شعبے کی ترقی، صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور ملکی معاشی استحکام کی جانب ایک مثبت اور امید افزا پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
بلوچستان میں گیس کی بڑی دریافت، ملکی توانائی شعبے کے لیے خوش آئند پیش رفت








