بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کا صنعتوں کے لیے بجلی سستی کرنے کا اعلان، کاروباری برادری کے لیے خوشخبری

وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کر کے کاروباری برادری کو ریلیف فراہم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ یہ اعلان اسلام آباد میں معروف ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد صنعتی شعبے کو سہولت دینا اور پیداوار کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا بنیادی کام خود کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروباری ماحول کو سازگار بنانا ہے تاکہ سرمایہ کار اور صنعتکار ترقی کر سکیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک کو اب معاشی ترقی کی جانب تیزی سے بڑھنا ہوگا اور اس کے لیے کاروباری برادری کی تجاویز اور تجربات کو سنجیدگی سے مدنظر رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق تاجر اور صنعتکار معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کی رائے سے بہتر معاشی پالیسیاں تشکیل دی جائیں گی۔