بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیر اعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس 23 مارچ تک فعال کرنے کا ہدف دیدیا

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور اسپتال میں علاج معالجے کی عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تقرریاں میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کی جائیں، جبکہ اسپتال کے انتظامی امور چلانے کے لیے کسی بہترین نجی ادارے کی خدمات حاصل کی جائیں۔

جناح میڈیکل کمپلیکس پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد سمیت پورے پاکستان، بالخصوص خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کم آمدن اور متوسط طبقے کے افراد کو بھی تشخیص اور علاج کی جدید سہولیات میسر ہوں، جبکہ پیٹس اسکین سمیت دیگر جدید تشخیصی مشینری کو منصوبے کا لازمی حصہ بنایا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جناح میڈیکل اینڈ ریسرچ سینٹر کے پہلے مرحلے کا 59 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ مرکزی اسپتال اور پارکنگ پلازہ کا بنیادی ڈھانچہ تیار ہے۔ 403 بستروں پر مشتمل اسپتال کو 23 مارچ 2027 تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ طبی آلات کی تنصیب، ڈیجیٹل مینجمنٹ سسٹم اور دیگر انتظامی امور پر بھی کام جاری ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ایچ الیون میں منصوبے کے دوسرے مرحلے کے نظرثانی شدہ ڈیزائن کے تحت قومی سطح پر مسابقتی بولی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور تعمیراتی کام جلد شروع ہوگا۔ جدید تشخیصی مشینری اور اسکینرز کی خریداری پر بھی پیش رفت جاری ہے۔

مزید پڑھیں:معاشی استحکام کے بعد پائیدار ترقی کا سفر شروع ہو چکا، وفاقی وزیرخزانہ

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، سید مصطفیٰ کمال، طارق فضل چوہدری اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔