راولپنڈی(نیوزڈیسک) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر جلد کشمیری عوام کی امنگوں اور تقدیر کے مطابق آزادی کی صبح دیکھے گا۔ پاکستان کی مسلح افواج روایتی اور ہائبرڈ دونوں نوعیت کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔آئی ایس پی آرکے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر مظفرآباد کا دورہ کیا۔ انہوں نے یادگارِ شہدائے جموں و کشمیر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور آزادیٔ کشمیر کی جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔مقامی عمائدین اور سابق فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں اور ہندوتوا پر مبنی اقدامات کشمیری عوام کے عزم اور جدوجہد کو دبانے میں ناکام رہے ہیں۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسئلۂ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونے تک پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر جلد کشمیری عوام کی امنگوں اور تقدیر کے مطابق آزادی کی صبح دیکھے گا۔آرمی چیف نے کشمیر میں تعینات افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول میں ہمہ وقت چوکسی اور مکمل آپریشنل تیاری برقرار رکھی جائے تاکہ کسی بھی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسلح افواج روایتی اور ہائبرڈ دونوں نوعیت کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔دورے کے دوران آرمی چیف نے اگلے مورچے کا بھی معائنہ کیا اور محاذِ اول پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی جارحانہ اقدام کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔قبل ازیں مظفرآباد پہنچنے پر کمانڈر راولپنڈی کور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
ہرعالمی فورم پر کشمیریوں کیلئے آواز بلند کرتے رہینگے، فیلڈ مارشل








