وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز(Maryam Nawaz) نے کہا ہے کہ انہیں وزارت اعلیٰ سنبھالنے سے پہلے جو پنجاب ملا وہ جادو ٹونے اور مؤکلوں کے ذریعے چلایا جا رہا تھا، تاہم اب صوبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہونہار اسکالر شپ اور لیپ ٹاپ کی فراہمی طلبہ پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے، نوجوانوں پر سرمایہ کاری ہی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
راولپنڈی میں ہونہار اسکالر شپ پروگرام کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ تعلیم کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں، ہر بچے کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اسکالر شپ میرٹ پر دی جا رہی ہے تاکہ مستحق اور ہونہار طلبہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کی کامیابی ان کے والدین کی محنت اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہیں معلوم ہے کہ بچوں کی تعلیم اور فیسوں کے اخراجات برداشت کرنا والدین کے لیے کتنا مشکل ہوتا ہے۔ ان کے بقول طلبہ کے ہاتھ میں پاکستان کا مستقبل ہے اور انہیں دیکھ کر ان کا اعتماد مزید مضبوط ہوتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ انہیں وزارت اعلیٰ سنبھالے ایک ہزار دن ہوچکے ہیں اور اس عرصے میں راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں نمایاں ترقیاتی کام کیے گئے ہیں۔ راولپنڈی میں نئی سڑکیں اور پارک بن رہے ہیں جبکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ پنجاب اب دوسرے صوبوں کے لیے ترقیاتی منصوبوں میں مثال بن رہا ہے۔ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پنجاب کی طرز پر ستھرا آزاد کشمیر پروگرام شروع کیا، جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی صاف ستھرا پروگرام متعارف کرایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں اب تک 1100 الیکٹرک بسیں متعارف کرائی جاچکی ہیں، جبکہ آئندہ چند ماہ میں مزید 3 ہزار بسیں لائی جائیں گی۔ ان کا ہدف ہے کہ اگلے دو سال میں صوبے میں کم از کم 5 ہزار بسیں چل رہی ہوں اور ہر شہر و تحصیل میں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت دستیاب ہو۔
مریم نواز کے مطابق اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت ایک ہزار دنوں میں ڈھائی لاکھ گھر تعمیر کیے جاچکے ہیں، جبکہ مجموعی ہدف 5 لاکھ گھروں کی تعمیر ہے۔ اسی عرصے میں صوبے کے مختلف اضلاع اور ان کے درمیان 50 ہزار کلومیٹر سڑکیں بھی تعمیر کی گئی ہیں۔
مزیدپڑھیں:چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام کی جدوجہد تیز کرنے کا فیصلہ
صحت کے شعبے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کیتھ لیبز اور امراض قلب کے مراکز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ اگلے 18 ماہ میں راولپنڈی سمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں کینسر اسپتال مکمل کرکے فعال کردیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایک ہزار کلینکس آن ویلز عوام کو ان کی دہلیز پر طبی سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں سیف سٹی منصوبہ صرف لاہور تک محدود تھا، تاہم اب پنجاب کے 41 شہروں میں یہ سہولت موجود ہے۔ حکومت کوڑے سے بائیو گیس بنانے اور اسے توانائی سمیت دیگر مفید وسائل میں تبدیل کرنے کے منصوبوں پر بھی غور کررہی ہے۔
امن و امان کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں اب بدمعاشی، ڈالہ کلچر اور قانون سے بالاتر ہونے کی کوئی گنجائش نہیں۔
ان کے مطابق ماضی میں صوبے میں مافیا سرگرم تھے، تاہم اب جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں اور موٹر سائیکل چوری جیسے واقعات پر بھی فوری جوابدہی ہوتی ہے۔
انہوں نے خواتین کے تحفظ کے حوالے سے کہا کہ کسی کو خواتین کو ہراساں کرنے، تشدد یا بدتمیزی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ خواتین کو شکایات درج کرانے کے لیے جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں سفارش اور پرچی کے بجائے میرٹ اور محنت کو ترجیح دی جارہی ہے، کرپشن کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے طلبہ کو منشیات سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اپنی تعلیم اور مستقبل پر توجہ دیں۔








