بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اورکزئی اور خیبر میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن، وزیرِ اعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع اورکزئی اور خیبر میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے آپریشن کے دوران 24 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت کارروائی اور جرات مندانہ کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے قوم کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے۔

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور ریاست پوری قوت کے ساتھ اس ناسور کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے ویژن کے تحت دہشت گرد عناصر کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے حکومت اور قوم یک زبان ہو کر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں امن، ترقی اور استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم نے اس موقع پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کی جرات، قربانی اور حب الوطنی پر فخر کرتی ہے۔