نیویارک (ویب ڈیسک) ناسا نے اعلان کیا ہے کہ کریو-12 مشن کے ذریعے انٹرنیشنل سپیس سٹیشن (ISS) جانے والے اور آرٹیمس II چاند کے قریب فلائی بائی کرنے والے خلا باز جدید سمارٹ فونز کے ساتھ خلا میں جائیں گے۔
اس اقدام کا مقصد خلا بازوں کو اپنے خاص لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کرنے کی سہولت فراہم کرنا اور دنیا کے ساتھ شیئر کرنا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے جب خلا باز اپنی ذاتی سمارٹ فونز کو مشنز میں لے جا سکیں گے، ناسا نے سخت حفاظتی اقدامات کئے ہیں تاکہ فونز کسی بھی اہم سسٹم کے کام میں مداخلت نہ کریں۔
پہلے کے سوئز اور سپیس شٹل مشنز میں فون استعمال کرنا ممکن نہیں تھا، مگر اب جدید ٹیکنالوجی اور ناسا کی حفاظتی جانچ کے بعد یہ ممکن ہوگیا ہے، اس سے نہ صرف خلا بازوں کیلئے تصاویر اور ویڈیوز لینے میں سہولت ہوگی بلکہ ان کے حوصلے اور کام کے جذبے میں بھی اضافہ ہوگا۔
یہ اقدام ناسا کے خلائی مشنز میں جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال اور مؤثر وسائل کے استعمال کی جانب ایک اہم قدم ہے۔









