اسلام آباد(نیوز ڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے دوران چوبیس خوارج کے ہلاک ہونے کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
صدر آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ بیرونی مداخلت کے باعث ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی اور دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
صدرِ مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست پاکستان اپنی خودمختاری، امن اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔









