بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت کے خلاف میچ سے انکار، پی سی بی نے آئی سی سی کو خط ارسال کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ پاکستان بھارت کے خلاف شیڈول میچ نہیں کھیلے گا۔ پی سی بی نے اپنے خط میں اس فیصلے کی وجوہات بھی تفصیل سے بیان کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے گروپ اے میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے سے آئی سی سی کو مطلع کر دیا ہے۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب سیکیورٹی خدشات کے باعث بنگلا دیش کو ورلڈ کپ سے باہر کر دیا گیا اور ان کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کی اور کہا کہ پاکستان نے یہ قدم بنگلا دیش کے ساتھ یکجہتی کے طور پر اٹھایا ہے۔ بنگلا دیش نے بھارت میں میچز کھیلنے سے سیکیورٹی خدشات کے باعث انکار کیا تھا، جس کے بعد آئی سی سی نے انہیں ٹورنامنٹ سے خارج کر کے اسکاٹ لینڈ کو شامل کر دیا۔
پی سی بی کا موقف ہے کہ کھلاڑیوں کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ اسی تناظر میں کیا گیا۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھی آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا منتقل کیے جائیں کیونکہ بھارت میں کھلاڑیوں کی حفاظت کے حوالے سے سنگین خدشات موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق بنگلا دیش اور بھارت کے درمیان تنازع مزید بڑھا جب انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئندہ سیزن سے قبل اسکواڈ سے خارج کر دیا، جس پر بنگلا دیش میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔