ڈیرہ اسماعیل خان میں محکمہ انسداد دہشتگردی خیبر پختونخواہ (سی ٹی ڈی) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک خطرناک خودکش حملہ کی منصوبہ بندی ناکام بنادی اور خاتون خودکش حملہ آور کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس (SWAT) ٹیم نے شیخ یوسف خیمہ بستی میں چھاپہ مارا، جہاں ایک جوان العمر خاتون کو حراست میں لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں خاتون نے اپنا نام مسماۃ “ز” بتایا اور اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ عرصے سے خارجی کمانڈر شاہ ولی عرف طارق کوچی کی تربیت میں رہی ہے، جو اب وفات پا چکے ہیں۔
خاتون نے مزید کہا کہ وہ کالعدم تنظیم کی رکن ہے اور حال ہی میں خودکش حملہ کرنے کی رضامندی ظاہر کی تھی۔ خودکش جیکٹ اور نشانہ (ٹارگٹ) فراہم کرنے کا منصوبہ خارجی کمانڈر عاصم نے تیار کیا تھا۔
اس کے خیمے سے ایک عدد کمانڈو بیگ برآمد ہوا، جس میں پستول بمعہ کارتوس، خوشبو والا پرفیوم (جو بارود کی بو کو چھپاتا تھا)، دو موبائل فون، پاور بینک اور دیگر سامان شامل تھا، جس سے کالعدم تنظیم سے رابطوں کے شواہد بھی ملے۔
گرفتار خاتون کو مزید تفتیش کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔ انسپیکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے سی ٹی ڈی ٹیم کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے نقد انعام کا اعلان کیا۔
سی ٹی ڈی حکام نے واضح کیا کہ صوبے بھر میں دہشت گردوں کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ریاست مخالف عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
ڈیرہ اسماعیل خان: سی ٹی ڈی کی کارروائی، خاتون خودکش حملہ آور گرفتار








