بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سات مقدمات میں ضمانت، عدالت کا اہم فیصلہ

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی مختلف مقدمات میں دائر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے سات کیسز میں ضمانت منظور کر لی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی کی چھ اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست پر سماعت کی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے پچاس، پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کرنے کا حکم دیا۔
بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی کے واقعات، آزادی مارچ، اقدام قتل، توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور توشہ خانہ کی مبینہ جعلی رسیدوں سے متعلق مقدمات درج ہیں۔ بشریٰ بی بی کے خلاف بھی توشہ خانہ کی مبینہ جعلی رسیدوں کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں زیرِ تفتیش ہے۔
سماعت کے دوران پراسیکیوشن ٹیم نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں اور وہ ضمانت کے مستحق نہیں۔ سرکاری وکلا نے عدالت سے درخواست کی کہ ضمانت کی درخواستیں مسترد کی جائیں۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان مقدمات میں غیر معمولی تاخیر ہوئی اور متعدد مواقع پر جیل حکام کو پیشی کا حکم دینے کے باوجود عملدرآمد نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضمانت طبی بنیادوں پر نہیں بلکہ قانونی اور میرٹ کی بنیاد پر طلب کی گئی ہے۔
عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد عبوری ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں۔ اس فیصلے کے بعد سیاسی اور قانونی حلقوں میں بحث کا ایک نیا مرحلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ دونوں رہنماؤں کے حامیوں میں فیصلے پر اطمینان پایا جا رہا ہے۔