بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستانی ہنرمندوں کے لیے یورپ کے دروازے کھل گئے، اٹلی نے ہزاروں ورک ویزوں کا اعلان

پاکستانی ہنرمندوں کے لیے یورپ کے دروازے کھل گئے ہیں، کیونکہ اٹلی نے پاکستان کے شہریوں کے لیے 10,500 ورک ویزے جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اٹلی کے ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان داخلی سیکیورٹی تعلقات اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران انسداد منشیات، انسانی اسمگلنگ اور دہشتگردی کے خلاف تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں وزرائے داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام میں پیش رفت کو سراہا۔
اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی اسکلڈ لیبر فورس کے لیے ورک ویزے جاری کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں باہمی تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو اٹلی کے ویزے سے استثنا حاصل ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کے دوران ائیرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر سخت نگرانی کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں کمی اور حکومت کے مؤثر اقدامات سے آگاہ کیا۔ اطالوی وزیر داخلہ نے پاکستانی اداروں کی کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام میں پاکستان نے قابلِ تعریف کارکردگی دکھائی ہے۔
ملاقات میں پنجاب پولیس کے افسران نے پولیس خدمت مراکز گلوبل کے کردار اور افادیت کے بارے میں بھی بریفنگ دی، جسے اٹلی کی جانب سے بہت سراہا گیا۔
اس موقع پر اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور, ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔