بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

راولپنڈی: آٹھ بچوں کی ماں کا قتل، ٹک ٹاک پر دوستی جرم کی جڑ نکلی

راولپنڈی کے تھانہ گوجر خان کے علاقے میں 43 سالہ شادی شدہ خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل ہوگیا ہے۔ پولیس نے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا، جبکہ معاملہ سوشل میڈیا ٹک ٹاک پر ملائشیا میں مقیم ایک شادی شدہ شخص سے دوستی کا شاخسانہ نکلا۔
پولیس کے مطابق لکی مروت کی رہائشی، 8 بچوں کی ماں، 43 سالہ نعمانہ افضل کی ملائشیا میں مقیم 32 سالہ عدنان اختر سے سوشل میڈیا اور ٹک ٹاک کے ذریعے دوستی ہوئی، جو وقت کے ساتھ محبت میں تبدیل ہوگئی۔
عدنان اختر خاتون سے پیسے بھی مانگتا رہا اور غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے ملائیشیا سے ڈیپورٹ ہونے کے بعد بھی نعمانہ سے رقم طلب کرتا رہا۔ عدنان اپنے علاقے گوجرخان سے مختلف اوقات میں لکی مروت آتا رہا تاکہ خاتون سے ملاقات کرسکے۔
جیسے جیسے قربت بڑھی، نعمانہ نے عدنان سے اپنی پہلی اہلیہ کو طلاق دے کر شادی کرنے کا مطالبہ شروع کیا، اور ملاقاتوں کے دوران عدنان نے ضروریات کے لیے پیسے بھی لیے۔
قتل سے ایک دن قبل عدنان اختر لکی مروت پہنچا اور گاڑی میں نعمانہ کو لے کر راولپنڈی آیا، جہاں اسے مختلف مقامات پر گھماتے پھراتے ہوئے قتل کا منصوبہ بنایا۔ عدنان نے اپنے دوست کامران کے ساتھ مل کر خاتون کو گاڑی میں دم گھونٹ کر قتل کیا اور نعش نجی کالج کے قریب سڑک کنارے پھینک کر فرار ہوگئے۔
خاتون کے اندھے قتل کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے نادرا ریکارڈ سے مقتولہ کی شناخت کی، جو لکی مروت کی رہائشی نکلی۔ اس کے خاوند سے معلومات لینے پر معلوم ہوا کہ وہ دو دن سے لاپتہ تھی۔
پولیس نے ہیومن انٹیلیجنس اور ٹیکنیکل ذرائع استعمال کرتے ہوئے مقتولہ سے رابطے میں رہنے والوں کی چھان بین کی، جس سے عدنان اختر کا سراغ ملا۔ تحقیقات کے دوران ملزم نے ساتھی کامران کے ساتھ گھناؤنے جرم کا اعتراف کرلیا، جس پر دونوں کو گرفتار کیا گیا۔ شریک ملزم کامران ابھی مفرور ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔