بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کڈنی سینٹر کی ترقی کے لیے 50 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری، وزیراعلیٰ سندھ کا دورہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کڈنی سینٹر کا دورہ کیا اور ادارے کی مزید تعمیر و ترقی کے لیے 50 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی۔
دورے کے موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سیکریٹری صحت طاہر سانگی، کڈنی سینٹر بورڈ چیئرپرسن ماریانہ کریم، ڈاکٹر وحاج اور دیگر اہلکاروں نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سینٹر کے چھٹے فلور کا معائنہ کیا، جو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے منصوب ہے، اور نئے آئی سی یو کا افتتاح بھی کیا۔ انہیں سینٹر کے مختلف شعبہ جات اور فیز ٹو آئی سی یو کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری دراصل انسانیت، وقار اور امید میں سرمایہ کاری ہے۔ سندھ میں کسی مریض کو سہولیات کی کمی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے کڈنی سینٹر کی چیئرپرسن ماریانہ کریم کی 40 سالہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور انتظامیہ کو صحت کی سہولیات میں بہتری کے لیے مکمل تعاون یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کڈنی سینٹر کے ساتھ شراکت داری انتہائی مفید رہی ہے اور پاکستان بھر سے لوگ علاج کے لیے یہاں آتے ہیں۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ حکومت سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام کرتی ہے، اور ہسپتالوں میں بغیر منافع کے بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ آنے والے پروپوزلز پر مالی تعاون فراہم کیا جائے گا اور آئندہ سال کڈنی سینٹر کی گرانٹ تین سو ملین سے بڑھا کر پانچ سو ملین روپے کی جائے گی۔