مشرقِ وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے خلیجی ممالک کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی آئی اے کی متحدہ عرب امارات، بحرین، دوحہ اور کویت کے لیے تمام پروازیں فی الحال بند کر دی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ معطلی ابتدائی طور پر کل شام تک یا متعلقہ فضائی حدود کی بحالی تک برقرار رہے گی۔
تاہم سعودی عرب کے لیے پی آئی اے کی پروازیں بدستور جاری رہیں گی، البتہ موجودہ حالات کے باعث ان کے روٹس تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ پروازوں کو بوئنگ 777 طیاروں پر منتقل کر دیا گیا ہے اور وہ طویل مگر محفوظ راستے اختیار کرتے ہوئے اپنی منزل تک پہنچیں گی۔
پی آئی اے نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے شیڈول، تازہ ترین معلومات یا بکنگ میں کسی بھی تبدیلی کے لیے پی آئی اے کال سینٹر 111-786-786-021 پر رابطہ کریں تاکہ انہیں بروقت اور درست رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال، پی آئی اے نے خلیجی ممالک کے لیے فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا








