بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسرائیل کے نئے حملے میں فردو جوہری مرکز اور تہران کے حساس مقامات نشانہ بن گئے

اسرائیلی فوج نے تہران کے قریب واقع فردو جوہری مرکز پر ایک نیا حملہ کیا ہے، جبکہ دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بجلی کی تنصیب اور ایوین جیل کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ صہیونی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے ایران کے مغربی، مشرقی اور وسطی علاقوں میں کم از کم چھ ہوائی اڈوں پر فضائی حملے کیے، تاہم ایرانی فوج نے صوبہ لورستان میں جدید اسرائیلی ڈرون مار گرایا۔
ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق صوبہ قم کی کرائسس مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ فردو جوہری مرکز پر ایک بار پھر حملہ کیا گیا ہے۔ الجزیرہ کی جاری کردہ ویڈیو میں تہران کے ان علاقوں میں دھوئیں کے بڑے بادل بلند ہوتے دیکھے جا سکتے ہیں جہاں اسرائیلی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ قبل ازیں الجزیرہ نے شہر کے شمالی حصے میں کم از کم تین بڑے فضائی حملوں کی تصدیق کی تھی۔
دریں اثنا، تسنیم نیوز کے مطابق تہران کے شمالی علاقے ایوین میں بجلی کی ترسیل کا نظام بھی حملے کی زد میں آیا، تاہم دارالحکومت میں بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش کی اطلاع نہیں ملی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حملے کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع کے دفتر کے مطابق تہران میں بسیج ہیڈکوارٹر اور ایوین جیل کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے نورنیوز نے جیل کے اہلِ خانہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ قیدی محفوظ ہیں اور حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری کی گئی ہے۔
تہران میں کشیدگی برقرار ہے اور بین الاقوامی برادری حالات پر گہری نگرانی کر رہی ہے۔