بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اور آذربائیجان کا خطے میں امن و استحکام کے لیے رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ناخچیوان پر ہونے والے حالیہ ڈرون حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کے دوران کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت عمل ہے۔ انہوں نے آذربائیجان کی قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں آذربائیجان کے برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت میں کھڑا ہے۔

وزیراعظم نے صدر الہام علیئیف کو ایران اور خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف نے ٹیلیفونک رابطے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور مشکل وقت میں پاکستانی عوام کی جانب سے اظہارِ یکجہتی اور حمایت کے جذبات کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کی بحالی کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور آئندہ بھی قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔