منامہ (نیوز ڈیسک) بحرین کے حکام نے ایک بھارتی شہری کو حساس معلومات اسرائیلی خفیہ ادارے کو فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
بحرینی حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے شخص کی شناخت نتن موہن کے نام سے ہوئی ہے جو پیشے کے لحاظ سے مواصلاتی انجینئر بتایا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ وہ اہم مقامات کی جغرافیائی معلومات، تصاویر اور ویڈیوز خفیہ طور پر اسرائیل کے خفیہ ادارے کو فراہم کر رہا تھا۔
رپورٹس کے مطابق یہ معلومات ممکنہ طور پر حساس مقامات کی نگرانی اور تجزیے کے لیے استعمال کی جا سکتی تھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے مختلف مقامات کی تصاویر اور دیگر تفصیلات بیرون ملک منتقل کیں جو سکیورٹی کے حوالے سے اہم سمجھی جاتی ہیں۔
بحرین کی وزارتِ داخلہ نے اس گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی تک اس کیس سے متعلق مکمل تکنیکی یا تفتیشی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ آیا ملزم کا رابطہ اسرائیل کے خفیہ ادارے Mossad سے براہِ راست تھا یا وہ کسی نیٹ ورک کے ذریعے معلومات فراہم کر رہا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے۔









