بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں 35 برس بعد گرلز کامن روم قائم، افتتاح کردیا

کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی (سابقہ کے ایم ڈی سی) میں 35 برس بعد طالبات کے لیے ایک وسیع اور محفوظ گرلز کامن روم قائم کر دیا گیا، جس کا باقاعدہ افتتاح ہفتے کے روز کیا گیا۔ اس سہولت کا مقصد طالبات کو تعلیمی اوقات کے دوران آرام، مطالعے اور باہمی گفتگو کے لیے پُرسکون ماحول فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر نعمان احسن (سیکریٹری سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن) اور جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے مشترکہ طور پر شرکت کی اور فیتہ کاٹ کر اس سہولت کو طالبات کے لیے کھول دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ جدید جامعات کا کردار صرف تعلیم اور تحقیق تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ طلبہ کی روزمرہ ضروریات اور فلاح و بہبود کو بھی ترجیح دینا ضروری ہے۔ ان کے مطابق گرلز کامن روم کا قیام اسی سوچ کا حصہ ہے تاکہ طالبات ایک ایسے ماحول میں تعلیم حاصل کر سکیں جہاں وہ خود کو محفوظ، باوقار اور پُراعتماد محسوس کریں۔
سیکریٹری سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نعمان احسن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی معیار میں بہتری صرف کلاس روم تک محدود نہیں ہوتی بلکہ طلبہ کے لیے محفوظ اور سہولت بخش ماحول کی فراہمی بھی اس کا اہم جز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا یہ اقدام نہ صرف طالبات کی بنیادی ضرورت پوری کرے گا بلکہ ان کی خود اعتمادی میں بھی اضافہ کرے گا۔ ان کے مطابق دیگر تعلیمی اداروں کو بھی ایسے اقدامات سے رہنمائی لینی چاہیے۔
تقریب کے اختتام پر طلبہ و طالبات نے اس پیش رفت کو ادارے میں مثبت تبدیلی کی علامت قرار دیا۔ طالبات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے بعد اس سہولت کی فراہمی ان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ادارہ واقعی بہتری کی جانب گامزن ہے۔
یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر محمود نے بتایا کہ طلبہ کی سہولتوں اور تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے آئندہ بھی مختلف اقدامات زیر غور ہیں۔ ان کے مطابق گرلز کامن روم بظاہر ایک سادہ سہولت ہے، مگر درحقیقت یہ اس امر کی علامت ہے کہ جب ادارے طلبہ کی ضروریات کو سنجیدگی سے سمجھتے اور ان پر عمل کرتے ہیں تو حقیقی ترقی ممکن ہوتی ہے۔