وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان نے افغان حکام کی جانب سے پاکستانی سرحدی چوکیوں کو نقصان پہنچانے اور قبضے کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
سرکاری بیان میں کہا گیا کہ افغان طالبان کی نام نہاد وزارتِ دفاع کا یہ دعویٰ کہ انہوں نے پاکستان کی بعض چوکیوں کو نقصان پہنچایا یا ان پر قبضہ کیا، سراسر من گھڑت ہے اور اس کا مقصد افغان عوام کو گمراہ کرنا ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق افغان عوام خود دہشت گردی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے ایسے دعووں کے ذریعے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی جانب سے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج سے متعلق نقصانات اور ہلاکتوں کے بارے میں معلومات وقتاً فوقتاً جاری کی جاتی ہیں، تاہم دہشت گردوں اور ان کے معاون نیٹ ورک کے خلاف کارروائیوں سے متعلق تفصیلات دیتے وقت ضروری احتیاط برتی جاتی ہے۔
وزارت نے یہ بھی واضح کیا کہ دہشت گرد عناصر، بھارتی میڈیا اور بعض سوشل میڈیا نیٹ ورکس کی جانب سے کیے جانے والے دعووں میں کوئی صداقت نہیں۔
حکام کے مطابق طالبان حکومت کے ان الزامات کے حق میں اب تک کوئی قابلِ اعتماد یا قابلِ تصدیق ثبوت سامنے نہیں آیا، اور جب بھی ایسے دعووں کی جانچ پڑتال کی گئی تو وہ غلط ثابت ہوئے۔
پاکستانی چوکیوں سے متعلق افغان دعوے من گھڑت ہیں: وزارت اطلاعات








