کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ جویریہ سعود نے جہیز اور حق مہر سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ازدواجی زندگی کے ابتدائی دنوں کی یادیں تازہ کر دیں۔
جویریہ سعود ان دنوں ایک نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کر رہی ہیں، جہاں مختلف سماجی موضوعات پر گفتگو کے ساتھ علمائے کرام سے رہنمائی بھی لی جاتی ہے اور عوام کو فون کالز کے ذریعے اپنے مسائل پیش کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔
پروگرام کے دوران جہیز اور حق مہر کے موضوع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جب ان کی شادی اداکار سعود سے ہوئی تو ان کے شوہر نے کسی قسم کا جہیز لینے سے صاف انکار کر دیا تھا۔
جویریہ سعود کا کہنا تھا کہ ان کا حق مہر 51 ہزار روپے مقرر کیا گیا تھا، جبکہ گھر کے تمام اخراجات اور فرنیچر کا انتظام سعود نے خود کیا، رشتہ داروں کی جانب سے ملنے والے تحائف جیسے فریج، برتن اور دیگر اشیاء موجود تھیں، لیکن ان کے شوہر نے جہیز کے طور پر کچھ بھی قبول نہیں کیا۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ شادی کی تقریبات، حتیٰ کہ مہندی کا انتظام بھی سعود نے خود کیا اور ان پر کسی قسم کا مالی بوجھ نہیں ڈالا۔
مزید برآں، انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ہر لڑکی کو ایسا شریکِ حیات نصیب ہو جو اس سے جہیز کا مطالبہ نہ کرے اور اس روایت کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرے۔









