صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ معاشی پالیسیوں میں عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بوجھ عام شہری پر کم سے کم ڈالا جائے۔
ایوانِ صدر میں ہونے والی ایک اہم ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر متعلقہ وزرا نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی امن و امان کی صورتحال اور موجودہ معاشی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے زور دیا کہ حکومت کی معاشی حکمت عملی کا مرکز عام آدمی کی فلاح ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر ضروری ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں توازن رکھا جائے تاکہ عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
صدر مملکت نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ حکومت عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں کمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی اور پالیسی سازی میں عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔
پیٹرولیم قیمتوں کا بوجھ کم رکھنے کی ہدایت، عوامی ریلیف کو ترجیح دینے پر زور








