بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مسافر بس میں بچی کی پیدائش، ڈرائیور اور سواریوں نے انسانیت کی مثال قائم کر دی

بھارتی ریاست آسام (Assam)میں گوہاٹی سے ڈیبرو گڑھ کے روٹ پر سفر کرنے والی مسافر بس میں ایک خاتون نے دورانِ سفر بچی کو جنم دیا ہے۔ یہ واقعہ کاظی رنگا کے قریب اس وقت پیش آیا جب سفر کے دوران خاتون کو اچانک شدید دردِ زہ شروع ہو گیا۔

متاثرہ خاتون اپنے خاندان کے 7 افراد کے ساتھ جاگی روڈ سے دیمو جا رہی تھیں کہ راستے میں ان کی طبعیت اچانک بگڑ گئی۔

بس ڈرائیور بابول بورپاترا کے مطابق انہوں نے بس کے اندر سے مسافروں کے شور مچانے کی آوازیں سنیں اور جب انہیں معلوم ہوا کہ خاتون کی ولادت کا وقت قریب آ گیا ہے تو انہوں نے فوراً گاڑی سڑک کے کنارے روک دی۔

مزیدپڑھیں:مائیک ہیسن نے قومی ٹیم کیساتھ سالگرہ منانے کی تصاویر شیئر کر دیں

صورتِ حال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اور وقت کی کمی کے باعث خاتون کو پرائیویسی دینے کے لیے تمام مرد مسافروں کو بس سے نیچے اتار دیا گیا، جبکہ بس کے اندر چادروں اور کپڑوں کی مدد سے عارضی پردہ بنایا گیا۔

ایمبولینس کے پہنچنے سے پہلے ہی بس عملے اور خاتون مسافروں نے مل کر ولادت کے عمل کو ممکن بنایا اور خاتون نے ایک صحت مند بچی کو جنم دیا۔

واقعے کے فوراً بعد ڈرائیور اور دیگر افراد نے ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کیا، جس کے بعد موقع پر پہنچنے والی ایمبولینس کے ذریعے ماں اور نوزائیدہ بچی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ طبی ذرائع کے مطابق دونوں کی حالت تسلی بخش اور خطرے سے باہر ہے۔

اس خوشگوار واقعے کے بعد بس کے مالک نے بھی سخاوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو 5,000 روپے کی مالی امداد فراہم کی۔