بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں جلد کمی کا امکان، وفاقی وزیر توانائی

وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری(Owais Ahmed Khan Leghari) نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں جلد کمی آنے کا امکان ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے باعث خطے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جن میں لبنان میں جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کو تجارتی آمد و رفت کے لیے کھولنا شامل ہے، جس کے مثبت اثرات عالمی توانائی منڈی پر بھی مرتب ہوں گے۔

مزید پڑھیں:اوگرا نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو 38 ارب روپے کے پرائس ڈیفرینشل کلیمز کی ادائیگی کا عمل شروع کر دیا

وفاقی وزیر کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان عالمی امن کے فروغ میں ایک فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان پیش رفتوں کے نتیجے میں تیل کی عالمی سپلائی بہتر ہونے کی توقع ہے، جس سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان پیدا ہوا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایل این جی کی بہتر دستیابی سے ملک میں بجلی کی صورتحال بھی مزید مستحکم ہوگی۔

دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے بعد پاکستان کی سفارتی کوششیں بھی مختلف سطحوں پر جاری ہیں، جن کے تناظر میں خطے میں کشیدگی میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔