اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے استنبول(Istanbul) میں ترکیہ کے اسپیکر نعمان کُرتُلموش سے اہم ملاقات کی، جو بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے 152ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ عالمی امن، مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ جنگ و جدل کسی بھی مسئلے کا حل نہیں اور مسائل کا دیرپا حل صرف مکالمے اور مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے پارلیمانی سفارتکاری کو فروغ دینے اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جس پر دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا۔
ترک اسپیکر نعمان کُرتُلموش نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قیادت نے بروقت اقدامات کے ذریعے خطے کو بڑے بحران سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف سید عاصم منیر کے کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
مزیدپڑھیں:سابق افغان کرکٹر کی تشویشناک حالت، شاہد آفریدی کی مدد کی پیشکش
ترک اسپیکر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے قریبی روابط خطے کے استحکام کے لیے نہایت اہم ہیں۔
ملاقات میں پارلیمانی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سردار ایاز صادق نے ترک قیادت کی جانب سے پاکستان کے کردار کی تعریف پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے اور آئندہ بھی خطے میں استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔









