اسپورٹس بورڈ پنجاب (Sports Board Punjab) کے زیر اہتمام ملکی تاریخ کی سب سے بڑی میراتھن اور سائیکلنگ ریس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس شاندار ایونٹ میں 11 ہزار سے زائد ایتھلیٹس اور شہری شرکت کریں گے، جس سے یہ کھیلوں کی دنیا کا ایک منفرد اور یادگار موقع بن جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نیشنل میراتھن اور سائیکلنگ ریس 2026 میں مختلف کیٹیگریز شامل کی گئی ہیں تاکہ ہر عمر اور ہر طبقے کے افراد اس ایونٹ کا حصہ بن سکیں۔
21 کلومیٹر میراتھن اور سائیکلنگ ریس کا آغاز صبح 6 بجے لبرٹی چوک سے ہوگا، جبکہ خواتین کے لیے پانچ کلومیٹر میراتھن اور سائیکلنگ ریس بھی اسی مقام سے شروع کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:انگلینڈ کرکٹ کا کھلاڑیوں کی اہلیت کے قوانین میں تبدیلی پر غور
اس کے علاوہ دو کلومیٹر فیملی فن ریس اور ایک کلومیٹر ویل چیئر ریس بھی منعقد کی جائے گی، جس سے فیملیز اور خصوصی افراد کو بھی شرکت کا موقع ملے گا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر اور دیگر صوبائی وزراء مہمانِ خصوصی ہوں گے، جبکہ وائس چیئرمین اسپورٹس بورڈ پنجاب ملک سلمان، سیکرٹری اسپورٹس پنجاب محمد علی اور ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی بھی موجود ہوں گے۔
یوتھ افیئرز اینڈ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ مقابلے ملکی کھیلوں کی تاریخ میں ایک نئی مثال قائم کریں گے۔









