بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بینظیر کفالت کا نیا ڈیجیٹل ادائیگی نظام متعارف، ایک کروڑ سے زائد خواتین مستفید

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بینظیر کفالت کے ادائیگی نظام میں انٹرآپریبلٹی پر مبنی نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے، جس سے ایک کروڑ سے زائد مستحق خواتین کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور وہ پورے ملک میں کسی بھی جگہ، کسی بھی وقت اور کسی بھی دن اپنی سہولت کے مطابق اپنے وظائف کی رقم نکلوا سکیں گی۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق حکومتِ پاکستان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ادائیگیوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے، جس کے تحت ایک کروڑ سے زائد مستحق خواتین کے ڈیجیٹل والیٹس قائم کیے جا چکے ہیں۔ یہ محض وظیفہ وصول کرنے کے طریقہ کار میں تبدیلی نہیں بلکہ خواتین کی مالی خودمختاری، سہولت اور بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے، اور یہ بذاتِ خود ایک بڑا سنگِ میل ہے کہ اتنے بڑے سماجی تحفظ کے پروگرام کو مختصر عرصے میں جدید ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کیا گیا ہے۔

انٹرآپریبلٹی کے نظام کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ماضی میں بینظیر کفالت کی مستحق خواتین کو اپنی رقم وصول کرنے کے لیے کسی مخصوص بینک کے مقرر کردہ ریٹیلر یا ایجنٹ کی پابند ہونا پڑتا تھا، جس کے باعث اکثر خواتین کو لمبی قطاروں، انتظار اور بعض مقامات پر ناجائز کٹوتیوں جیسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ تاہم نئے ڈیجیٹل نظام میں انٹرآپریبلٹی متعارف کرا دی گئی ہے، جس کا مطلب ہے کہ اب مستحق خاتون کسی ایک مخصوص بینک یا ریٹیلر کی پابند نہیں رہے گی بلکہ وہ اس نظام میں شامل کسی بھی بینکنگ پارٹنر کے مجاز ریٹیلر سے اپنی رقم وصول کر سکے گی؛ یعنی اگر کسی ایک جگہ رش ہو، انتظار کرنا پڑے یا کوئی ریٹیلر تعاون نہ کر رہا ہو تو خاتون کے پاس دوسرے مجاز ریٹیلر سے رقم وصول کرنے کا اختیار موجود ہے۔ اس وقت اس نظام میں چھ بینکنگ پارٹنرز شامل ہیں جن میں حبیب بینک لمیٹڈ، ایچ بی ایل مائیکرو فنانس بینک، ایزی پیسہ، جاز کیش، بینک الفلاح اور بینک آف پنجاب شامل ہیں۔

اس نئے نظام کے فوائد میں کسی ایک مخصوص ریٹیلر کی اجارہ داری کا خاتمہ، خواتین کو اپنی سہولت کے مطابق ریٹیلر منتخب کرنے کی آزادی، لمبی قطاروں اور غیر ضروری انتظار میں کمی، ناجائز کٹوتیوں اور ریٹیلرز کی من مانی کی حوصلہ شکنی، ڈیجیٹل والیٹس کے ذریعے رقم کی محفوظ وصولی اور مالیاتی سہولیات تک رسائی شامل ہیں۔ رقم وصول کرنے کا طریقہ کار انتہائی آسان ہے جس کے تحت سب سے پہلے مستحق خاتون کو متعلقہ بینک کی جانب سے ایک ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں بتایا جائے گا کہ اس کے اکاؤنٹ میں کتنی رقم جمع یعنی کریڈٹ ہو گئی ہے، جس کے بعد وہ اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور رجسٹرڈ موبائل فون نمبر لے کر کسی بھی پارٹنر بینک کے مجاز ریٹیلر کے پاس جائیں، اپنی بائیومیٹرک تصدیق کروائیں، رقم وصول کریں اور پوری رقم گن کر تسلی کر لیں۔ رقم نکلوانے کے بعد متعلقہ بینک کی جانب سے ایک اور ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں بتایا جائے گا کہ اکاؤنٹ سے کتنی رقم نکالی گئی ہے، جسے ریکارڈ کے طور پر محفوظ رکھنا ضروری ہے، جبکہ مستحق خواتین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنا موبائل فون کسی غیر متعلقہ شخص کے حوالے نہ کریں کیونکہ یہ موبائل فون اور سم ان کا بٹوہ ہے جس کی حفاظت کرنا لازم ہے۔ ایک کروڑ سے زائد خواتین کو مختصر عرصے میں ڈیجیٹل والیٹس اور انٹرآپریبل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کرنا پاکستان کی تاریخ ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی فنانشل انکلوژن اور ڈیجیٹل سوشل پروٹیکشن کے حوالے سے غیر معمولی اور بہت بڑی پیشرفت قرار دیا گیا ہے، اور یہ اقدام بینظیر کے اس خواب کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے جس میں ہر عورت کو خود مختار اور بااختیار دیکھنا مقصود ہے۔