بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پائیدار امن صرف مؤثر سفارتکاری، باہمی اعتماد اور نتیجہ خیز مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، سردار ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق(Sardar Ayaz Sadiq) نے ’’کثیرالجہتی اور امن کے لئے سفارتکاری کے عالمی دن‘‘ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن عالمی برادری کو اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ پائیدار امن صرف مؤثر سفارتکاری، باہمی اعتماد اور نتیجہ خیز مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، موجودہ عالمی و علاقائی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ اقوام باہمی تصادم اور محاذ آرائی کی بجائے مکالمے، برداشت اور مشترکہ حکمتِ عملی کو فروغ دیں۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی سطح پر امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کو اپنی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی اور علاقائی فورمز پر تنازعات کے پرامن حل، مفاہمت اور کثیرالجہتی تعاون کو ترجیح دیتے ہوئے ایک ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بدلتے ہوئے عالمی تناظر میں ماحولیاتی تبدیلی، اقتصادی عدم استحکام، علاقائی تنازعات اور سلامتی کے پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ایک مضبوط اور فعال کثیرالجہتی نظام ناگزیر ہوچکا ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر بروقت اور مؤثر سفارتکاری کا راستہ اپنایا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت اور مربوط حکمتِ عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو فروغ دینے میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی متوازن اور مؤثر سفارتی کاوشوں کے باعث خطہ ایک ممکنہ بڑے تصادم سے محفوظ رہا اور عالمی سطح پر ایک سنگین بحران کے امکانات میں کمی آئی۔سپیکر قومی اسمبلی نے باہمی اختلافات کے حل کے لئے سفارتکاری اور مذاکرات کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں بلکہ مزید پیچیدگیوں کو جنم دیتا ہے جبکہ بامقصد مکالمہ اور بین الاقوامی قوانین کا احترام ہی دیرپا امن کی ضمانت ہیں۔

مزیدپڑھیں:پی ایس ایل11: محمد عامر اور فہیم اشرف پر جرمانہ عائد، مگر کیوں؟

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی برادری کے ساتھ مل کر امن، ترقی اور استحکام کے فروغ کے لئے اپنا مثبت اور فعال کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط بنانے، عالمی سطح پر ہم آہنگی کو فروغ دینے اور تنازعات کے پرامن حل کے لئے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا پُرامن حل خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان دیرینہ تنازعات کا منصفانہ اور پُرامن حل وقت کی اہم ضرورت ہے، عالمی برادری کو انسانی حقوق اور انصاف کے اصولوں کی بنیاد پر ان مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لئے اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہئے۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں سفارتکاری، مکالمہ اور باہمی احترام ہی عالمی استحکام کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کے قیام، بین الاقوامی تعاون کے فروغ اور برداشت و ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ تنازعات کے حل کے لئے طاقت کی جائے مذاکرات، انصاف اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کو ترجیح دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن، رواداری اور تعمیری سفارتکاری کا داعی رہا ہے اور مستقبل میں بھی عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لئے اپنا فعال اور مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔