سعودی عرب: سعودی بزنس گروپ الراعی گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین اور ممتاز سعودی سرمایہ کار محمد بلال زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
سعودی عرب کے ویژن 2030 کے تحت ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کی ہدایات پر پاکستانی سرمایہ کاروں کو سعودی عرب میں خوش آمدید کہتے ہیں اور انہیں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہیں۔
وہ وائس چیئرمین انجمن تاجران فیصل آباد حافظ شفیق کاشف سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ محمد بلال زبیر نے کہا کہ سعودی عرب میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے تاجر دوست پالیسیاں متعارف کرائی گئی ہیں، جن سے پاکستانی کاروباری برادری بھی استفادہ کرسکتی ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر حافظ شفیق کاشف نے کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو پاک سعودی تجارتی تعلقات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں پر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کا ایک وفد جلد سعودی عرب کا دورہ کرے گا تاکہ سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لیا جاسکے۔
مزید پڑھیں:اسکردو میں میاں بیوی 2 بیٹیوں سمیت قتل، تحقیقات شروع
ملاقات کے دوران محمد بلال زبیر نے حافظ شفیق کاشف کو سعودی عرب کا اعزازی بیج اور پاک سعودی دوستی کی علامت اسکارف بھی پہنایا۔









