جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے زلول خیل، انگور اڈہ میں افغان جانب سے فائرنگ کے واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی، تاہم پاک فوج ( Pakistan Army )نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے متعدد مخالف پوسٹوں کو نشانہ بنایا اور دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج سے منسلک عناصر کی جانب سے دراندازی کی کوشش کی گئی جسے پاک فوج نے چوکس حکمت عملی کے تحت ناکام بنایا۔ دراندازی میں ناکامی کے بعد سرحد پار سے مبینہ طور پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین شہری زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر وانا ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے جوابی کارروائی میں مؤثر انداز اختیار کرتے ہوئے متعدد پوسٹوں کو تباہ کیا اور علاقے میں سیکیورٹی کو یقینی بنایا۔ کارروائی کے دوران مختلف آپریشنل حکمت عملیوں کو بروئے کار لایا گیا تاکہ شہری آبادی کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔
مزیدپڑھیں:پنجاب بھر سے غیرقانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری
مقامی افراد نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے عمل کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات نہ صرف خطے کے امن کو متاثر کرتے ہیں بلکہ عام لوگوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔
حکام کے مطابق علاقے میں صورتحال کو مکمل طور پر کنٹرول میں رکھا جا رہا ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔









