پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا رضوی(Hina Rizvi) کی اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس وقت وہ انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) میں زیرِ علاج ہیں۔
اداکارہ کی صحت سے متعلق خبر سامنے آتے ہی مداحوں اور ساتھی فنکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ حنا رضوی نے خود اسپتال سے ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں آکسیجن ماسک اور ڈرِپ کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
مزیدپڑھیں:بشریٰ انصاری کا فردوس جمال کو کرارا جواب
اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تیزی سے توجہ حاصل کی اور ان کے چاہنے والوں کو فکر میں مبتلا کر دیا۔ ویڈیو کے ساتھ دیے گئے پیغام میں انہوں نے اپنے مداحوں سے جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
View this post on Instagram
حنا رضوی کا تعلق پاکستان کے ایک معروف فلمی خاندان سے ہے۔ ان کی بہن سنگیتا ماضی میں ایک کامیاب ہدایتکارہ اور اداکارہ رہی ہیں، جبکہ دوسری بہن کویتا بھی فلمی دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ تاہم حنا رضوی نے فلموں کے بجائے ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی پہچان بنائی اور اپنی محنت سے الگ مقام حاصل کیا۔
اداکارہ کی علالت کی خبر جیسے ہی منظرِ عام پر آئی، سوشل میڈیا پر مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کمنٹس میں ہر طرف ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔
تاحال ان کی بیماری کی نوعیت کے بارے میں کوئی واضح تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، تاہم ان کے مداح پرامید ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر دوبارہ اسکرین پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔









