بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ کے بعد لائٹ ڈیزل بھی مہنگا کردیا، مٹی کا تیل سستا

حکومت نے گزشتہ شب پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے بعد لائٹ ڈیزل (Light diesel)بھی مہنگا کردیا، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اوگرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق دیگر پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوئی ہیں، تاہم مٹی کا تیل 4 روپے 45 پیسے سستا کردیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 360 روپے 76 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

دوسری جانب گزشتہ شب پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آج صبح حکومت نے لائٹ ڈیزل 17 روپے 3 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا ۔ نوٹی فکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 287 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کیا ہے، اس حوالے سے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا تھا۔

مزیدپڑھیں:گرین پاکستان انیشیٹو کی بدولت بھکر میں بنجر رقبہ جدید زرعی و برآمدی مرکز میں تبدیل

گزشتہ شب پیٹرولیم ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے، جس کا اطلاق یکم مئی رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔

اسی طرح پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 6 روپے 51 پیسے کے اضافے کے بعد 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔