بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

معرکہ حق کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پرگنڈا سنگھ بارڈر قصورمیں شاندارتقریب

معرکہ حق(Marka-e-haq) اور آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر قصور کے گنڈا سنگھ والا بارڈر پر ایک پروقار اور پرجوش تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک فوج کے دستوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں کا لوہا منوا لیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے روایتی جوش و خروش کے ساتھ مارچ پاسٹ کیا۔ جوانوں کی قدم تال اور بلند حوصلہ نعروں نے تقریب میں موجود شرکاء کا لہو گرما دیا۔ اس موقع پر فوجی جوانوں نے دفاعی مہارتوں کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو یہ پیغام دیا کہ وطنِ عزیز کی سرحدیں ناقابلِ تسخیر ہیں۔

تقریب میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور فضا “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج پائندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی۔ شہریوں نے جوانوں پر پھول نچھاور کیے اور اپنی افواج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا کہ پوری قوم دفاعِ وطن کے لیے فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مزیدپڑھیں:صدرِ مملکت نے پی آئی اے کارپوریشن آرڈی نینس 2026 کی منظوری دے دی

واضح رہے کہ ایک سال قبل شروع کیا گیا ‘آپریشن بنیان مرصوص’ ملکی دفاعی تاریخ میں ایک کلیدی اہمیت رکھتا ہے، جس کے ذریعے سرحد پار سے ہونے والی سازشوں کو ناکام بنایا گیا تھا۔ آج کی تقریب اسی آپریشن کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور شہداء کی قربانیوں کی یاد تازہ کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔
تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسی تقریبات سے نئی نسل میں حب الوطنی کا جذبہ مزید بیدار ہوتا ہے۔