بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی والے ہوجائیں تیار؛ کل شام سے ایک بار پھر موسلا دھار بارشوں کا امکان

کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی والے ہوجائیں تیار کیونکہ شہر میں موسم سون کا تیسرا اسپیل کل سے بارش برسائے گا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہر میں آج پورا دن وقفے وقفے سے لوکل ڈیولپمنٹ کے تحت ہلکی تا معتدل بارش کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ مون سون کا تیسرا اسپیل اس وقت بھارتی راجھستان پر ہے، اس سسٹم کے تحت گزشتہ رات سے ہی سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشیں ہو رہی ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی میں مون سون اسپیل کل رات سے داخل ہونا شروع ہوگا ، جس کے اثرات 24 جولائی تا 26 جولائی شہر میں نظر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیل کے دوران کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے اور بارش کے ساتھ آندھی چلنے کے بھی قوی امکانات ہیں۔

دوسری جانب شہر قائد میں آج بھی مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ صبح و شام کے اوقات میں بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اس وقت شہر میں 18کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی ہوا چل رہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 23 جولائی سے مون سون کا تیسرا اسپیل سندھ بھر سمیت کراچی میں بارش برسائے گا اور بارشوں کا یہ سلسلہ 26 جولائی تک جاری رہے گا۔