بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فیفا نے ورلڈکپ 2026 کیلئے انعامی رقم میں بڑا اضافہ کردیا

فٹبال کی عالمی تنظیم (FIFA) نے 2026 ورلڈ کپ کے لیے انعامی رقم میں نمایاں اضافہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈکپ 2026 کی مجموعی انعامی رقم 871 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے جو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔

یہ فیصلہ وینکوور میں منعقدہ فیفا کونسل اجلاس میں منظور کیا گیا، تاہم فیفا کو ٹکٹوں کی قیمتوں اور تجارتی شراکت داریوں پر تنقید کا سامنا بھی ہے۔

ٹیموں اور انعامی رقم بلکہ کے لحاظ سے یہ اب تک کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔ اس بار ایونٹ کے لیے مختص رقم گزشتہ ایونٹ کے مقابلے میں لگ بھگ دوگنا زیادہ ہے۔

ایونٹ کی تیاری کے لیے ہر ٹیم کو 15 لاکھ ڈالرز سے بڑھا کر اب 25 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے جبکہ کوالیفائی کرنے پر ایک کروڑ ڈالرز ملیں گے جبکہ 2022 میں 90 لاکھ ڈالرز دیے گئے تھے۔

یعنی محض کوالیفائی کرنے پر ہی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم مل جائے گی جبکہ مزید رقم ان کی کارکردگی کے مطابق دی جائے گی۔

ایونٹ کے فاتح کو 5 کروڑ 35 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے جبکہ 2022 کی فاتح ٹیم ارجنٹینا کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز دیے گئے تھے۔

اس طرح رنراپ ٹیم 3 کروڑ 65 لاکھ ڈالرز کی حقدار ہوگی جبکہ 2022 میں رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ ڈالرز دیے گئے تھے۔

مزیدپڑھیں:نیمار کا ٹریننگ کے دوران 18 سالہ ساتھی کھلاڑی پر تشدد

تیسری پوزیشن پر رہنے والی ٹیم کے حصے میں 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز آئیں گے جبکہ چوتھے نمبر کی ٹیم 3 کروڑ 5 لاکھ ڈالرز کی حقدار ہوگی۔

پانچویں سے آٹھویں پوزیشن پر رہنے والی ہر ٹیم کو 2 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز جبکہ نویں سے سولہویں نمبر پر رہنے والی ہر ٹیم کے حصے میں ایک کروڑ 85 لاکھ ڈالرز آئیں گے۔

سترہ سے بتیسویں پوزیشن والی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 45 لاکھ ڈالرز جبکہ تینتیس سے اڑتالیسویں نمبر پر رہنے والی ہر ٹیم ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالرز کی حقدار ہوگی۔

ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ 2022 کے ایونٹ میں 64 میچز کھیلے گئے تھے۔