بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

1.2 ارب ڈالر قسط منظوری کا معاملہ، آئی ایم ایف بورڈ اجلاس کل واشنگٹن میں ہو گا

 واشنگٹن میں پاکستان کیلئے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری کے معاملے پر آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس (Executive board meeting)کل ہوگا، جس میں پاکستان کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت تیسرے اقتصادی جائزے کی منظوری دیے جانے کی توقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) پروگرام کے دوسرے جائزے کی منظوری بھی متوقع ہے۔ منظوری کی صورت میں پاکستان کو ای ایف ایف پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر جبکہ آر ایس ایف پروگرام کے تحت 20 کروڑ ڈالر کی قسط موصول ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 27 مارچ کو طے پایا تھا، جبکہ پاکستان اگلی قسط کے حصول کیلئے آئی ایم ایف کی عائد کردہ شرائط بھی مکمل کرچکا ہے۔پاکستان کو ای ایف ایف کے تحت ایک ارب ڈالر، آر ایس ایف کے تحت 20 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط ملے گی۔

دوسری جانب آئی ایم ایف کا مشن آئندہ ہفتے نئے مالی سال 2026-27 کے بجٹ پر مشاورت کیلئے پاکستان پہنچے گا۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد کی 15 مئی تک پاکستان آمد متوقع ہے، جہاں بجٹ اہداف، ٹیکس وصولیوں، توانائی شعبے اور معاشی اصلاحات سے متعلق تفصیلی مذاکرات کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہریوں سے ہاتھ کرگئی، اکھٹے 4ماہ کے بل صارفین کو تھما دئیے

وزارت خزانہ، ایف بی آر، اسٹیٹ بینک، وزارت توانائی سمیت دیگر متعلقہ ادارے آئی ایم ایف وفد کو بریفنگ دیں گے، جبکہ قرض پروگرام کے تحت جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔