پاکستانی اداکار، گلوکار اور میزبان احمد علی بٹ(Ahmed Ali Butt) نے اداکارہ ہانیہ عامر سے متعلق ایک دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے انہیں ماضی کی لیجنڈری فلم اسٹار بابرہ شریف کے جدید دور کی جھلک قرار دیا ہے۔
یہ گفتگو احمد علی بٹ کے ایک پوڈکاسٹ میں سینئر اداکار غلام محی الدین کے ساتھ ہوئی، جہاں شوبز انڈسٹری کے ماضی اور حال پر تفصیلی بات چیت جاری تھی۔
گفتگو کے دوران غلام محی الدین نے اپنی مشہور فلم “میرا نام ہے محبت” کے ری میک کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ اگر انہیں ایک بہترین موسیقار، اپنی طرز کا مضبوط اداکار اور بابرہ شریف جیسی ہیروئن مل جائے تو وہ اس پروجیکٹ کو دوبارہ بنانا چاہیں گے۔
اس پر احمد علی بٹ نے فوراً ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں بابرہ شریف جیسی جھلک رکھنے والی اداکارہ موجود ہیں، اور وہ ہانیہ عامر ہیں۔ ان کے مطابق ہانیہ عامر کا انداز، معصومیت اور “جنریشن زی” اسٹائل انہیں خاص بناتا ہے اور ان میں بابرہ شریف جیسی دلکشی کی جھلک بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
مزیدپڑھیں:اداکارہ عائشہ عمر نے منسوب کیے گئے بیان کی سختی سے تردید کر دی
غلام محی الدین نے بھی اس رائے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہانیہ عامر کی باڈی لینگویج اور اسکرین پریزنس میں واقعی ایک خاص کلاسک ٹچ محسوس ہوتا ہے جو پرانی فلمی ہیروئنز کی یاد دلاتا ہے۔
یہ بیان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی دلچسپ ردعمل دیکھنے میں آیا ہے، جہاں صارفین ہانیہ عامر کے معصوم اور چنچل انداز کو بابرہ شریف کے کلاسک اسٹائل سے جوڑ کر مختلف آراء دے رہے ہیں۔









