چین کے جنوب مغربی علاقے گوانگشی میں 5.2 شدت کے زلزلے(Earthquake) نے شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز لیوژو شہر کے لیونان ضلع میں تھا، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی تقریباً 8 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ جھٹکے اچانک محسوس ہونے پر شہری گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث کم از کم 13 عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں جبکہ متعدد گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
مزیدپڑھیں:ایک سے زائد میٹرز کے ذریعے سبسڈی لینے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
حکام نے تصدیق کی ہے کہ اب تک 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ایک شخص لاپتا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق علاقے میں آفٹر شاکس کا خطرہ برقرار ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔









