بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی کا نورین خان نیازی کی طبیعت کی خرابی پر رد عمل

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین خان نیازی(Naureen Niazi) کی طبیعت خراب ہو گئی، وکیل رانا مدثر عمر کا کہنا ہے کہ نورین کو جیل سے پنجاب کارڈیالوجی منتقل کر دیا گیا ہے۔

وکیل رانا مدثر کے مطابق نورین نیازی کو دل میں تکلیف ہوئی ہے، نورین کے ابتدائی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن کوٹ لکھپت جیل میں نظر بند ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی ہمشیرہ، 70 سالہ نورین نیازی کی دورانِ حراست طبیعت خراب ہونے اور انھیں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیے جانے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔

‏مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نورین کی اسپتال منتقلی کے بارے میں اہلِ خانہ کے کسی فرد کو اطلاع نہیں دی گئی۔ اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو یہ طرزِ عمل انسانی ہمدردی، شفافیت اور زیرِ حراست افراد کے بنیادی حقوق کے تقاضوں کے سراسر منافی ہے۔

مزیدپڑھیں:’کوئی شرم ہوتی ہے، کوئی حیا ہوتی ہے‘ مولانا فضل الرحمان کا خواجہ آصف پر انہی کے جملے سے وار

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ نورین نیازی کی مبینہ غیر قانونی نظر بندی، ان کی صحت کو لاحق خطرات اور اہلِ خانہ کو اعتماد میں لیے بغیر اسپتال منتقلی انتہائی سنجیدہ معاملات ہیں، جن پر حکومت پنجاب اور متعلقہ حکام کو فوری وضاحت پیش کرنی چاہیے۔

‏بیان میں کہا گیا کہ نورین نیازی کو ماہر امراضِ قلب کی نگرانی میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، تمام ضروری تشخیصی ٹیسٹ اور علاج بلا تاخیر یقینی بنایا جائے اور ان کی صحت سے متعلق مستند معلومات فوری طور پر اہلِ خانہ کے ساتھ شیئر کی جائیں۔ اہلِ خانہ کو ان سے ملاقات اور ان کی خیریت دریافت کرنے کی اجازت بھی دی جائے۔