پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری فارورڈ شہباز احمد(Shehbaz Ahmed) سینئر نے عملی سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ‘میراڈونا آف ہاکی’ کے نام سے معروف سابق قومی کپتان آئندہ عام انتخابات میں اپنے آبائی شہر فیصل آباد سے انتخاب لڑیں گے اور جلد ہی اس حوالے سے باضابطہ اعلان بھی کرنے والے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہاکی کے اس مایہ ناز کھلاڑی کا ارادہ آئندہ آنے والے عام انتخابات میں اپنے آبائی شہر فیصل آباد کے کسی حلقے سے حصہ لینے کا ہے، جس کا باضابطہ اعلان وہ جلد ایک پریس کانفرنس کے ذریعے کریں گے۔
کھیلوں کی دنیا کا ایک عظیم باب
شہباز احمد سینئر کا شمار نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی ہاکی تاریخ کے سب سے جادوگر اور بہترین فارورڈز میں ہوتا ہے۔ میدان میں ان کی حیران کن رفتار، لاجواب ڈربلنگ اور باڈی ڈاج کی بنیاد پر انہیں دنیا بھر میں ’میراڈونا آف ہاکی‘ اور ’مین ود الیکٹرک ہیل‘ جیسے تاریخی القابات سے نوازا گیا۔
مزیدپڑھیں:بینکوں میں نقد لین دین کی رپورٹنگ کی حد 30 لاکھ روپے مقرر
ان کی قیادت میں پاکستان نے 1994 کا ہاکی ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا، جو اب تک پاکستان کی آخری عالمی فتح ہے۔ اپنے شاندار انٹرنیشنل کریئر کے دوران انہوں نے قومی ٹیم کے لیے 92 گول اسکور کیے۔
منفرد اعزازات
شہباز سینئر کو دنیائے ہاکی کی تاریخ کا وہ واحد کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے جنہیں مسلسل 2 ہاکی ورلڈ کپ (1990 اور 1994) میں ‘مین آف دی ٹورنامنٹ’ قرار دیا گیا۔ ہاکی کے شعبے میں ان کی لازوال خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ’ہلالِ امتیاز‘ سے بھی نوازا ہے۔









