پاکستانی نژاد برطانوی باکسر حمزہ شیراز (Hamza Shiraz) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈبلیو بی او سپر مڈل ویٹ عالمی ٹائٹل جیت لیا اور کھیلوں کی دنیا میں ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق حمزہ شیراز نے جرمنی کے باکسر ایلم بیگچ کو دوسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
مقابلے کے آغاز سے ہی حمزہ شیراز نے جارحانہ انداز اپنایا اور اپنے تیز، درست اور طاقتور پنچز سے جرمن حریف کو دباؤ میں رکھا۔ ان کے خطرناک لیفٹ ہک کے بعد حریف سنبھل نہ سکے، جس پر ریفری نے فائٹ فوری طور پر روک دی۔
26 سالہ حمزہ شیراز نے ریٹائرڈ امریکی باکسر ٹیرنس کرافورڈ کی خالی کردہ ڈبلیو بی او سپر مڈل ویٹ بیلٹ جیت کر نئی تاریخ رقم کی۔
مزید پڑھیں؛شعیب ملک نے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی بہتری کے لیے اہم تجاویز پیش کر دیں
فتح کے بعد حمزہ شیراز نے رنگ میں سجدۂ شکر ادا کیا اور اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیابی کا یادگار جشن منایا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شیراز نے کہا کہ وہ اب 168 پاؤنڈ کیٹیگری کے تمام عالمی باکسرز کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقابلے کے آغاز ہی میں پہلا مؤثر پنچ لگنے کے بعد حریف دباؤ کا شکار ہو گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے مسلسل برتری برقرار رکھی۔
یاد رہے کہ حمزہ شیراز اس سے قبل ستمبر 2024 میں ٹائلر ڈینی کو شکست دے کر یورپی مڈل ویٹ ٹائٹل بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔
حمزہ شیراز کی تاریخی کامیابی پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین اور کھیلوں کے شائقین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔









