وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری(Awais Leghari) نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے سبسڈی ختم کیے جانے کی خبروں پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مستحق صارفین کو دی جانے والی سبسڈی برقرار رکھے گی۔
وزیر توانائی نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے سبسڈی ختم نہیں کر رہی اور حق دار صارفین کو ریلیف بدستور فراہم کیا جاتا رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی کے بلوں پر سبسڈی حاصل کرنے والے صارفین سے کیو آر کوڈ کے ذریعے ضروری معلومات اور تفصیلات طلب کی جا رہی ہیں تاکہ مستحق افراد کی درست شناخت ممکن بنائی جا سکے۔
مزیدپڑھیں:اسلام آباد میں کاروباری اوقات کار سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری
اویس لغاری کے مطابق نئے نظام کے تحت اہل صارفین کو بلا تعطل سبسڈی فراہم کی جائے گی اور اس عمل کا مقصد صرف مستحق صارفین تک حکومتی سہولت کی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آئندہ پروٹیکٹڈ صارفین کو قومی شناختی کارڈ نمبر اور گھرانے کی معلومات کی بنیاد پر سبسڈی دی جائے گی تاکہ امدادی نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔









