اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نیا پاکستان سرٹیفکیٹس (NPCs) کے حوالے سے نئی پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب یہ سرٹیفکیٹس سعودی ریال اور متحدہ عرب امارات کے درہم میں بھی جاری کیے جائیں گے، تاہم امریکی ڈالر کے مقابلے میں ان کرنسیوں میں منافع کی شرح نسبتاً کم رکھی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق وزارتِ خزانہ کی منظوری کے بعد تمام بینکوں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس اب سعودی ریال (SAR) اور یو اے ای درہم (AED) میں بھی دستیاب ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سرمایہ کاری کے مزید آپشنز فراہم کرنا ہے۔
نئی شرح منافع کے مطابق سعودی ریال اور درہم میں سرمایہ کاری پر 3 ماہ کے لیے 6.50 فیصد، 6 ماہ کے لیے 6.75 فیصد اور 12 ماہ کے لیے 7 فیصد منافع دیا جائے گا۔ جبکہ 3 سال اور 5 سال کی مدت کے لیے شرح منافع بالترتیب 7.25 فیصد اور 7.50 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
اس کے برعکس امریکی ڈالر میں نیا پاکستان سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح کچھ زیادہ رکھی گئی ہے۔ ڈالر میں 3 ماہ کے لیے 6.75 فیصد، 6 ماہ کے لیے 7 فیصد اور 12 ماہ کے لیے 7.25 فیصد منافع دیا جائے گا، جبکہ 3 سال اور 5 سال کے لیے شرح منافع بڑھا کر بالترتیب 7.5 فیصد اور 7.75 فیصد کر دی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں:ٹم ڈیوڈ پر امپائر کی سمت آئس بیگ پھینکنے پر ایک میچ کی پابندی
دوسری جانب پاکستانی روپے میں سرمایہ کاری پر سب سے زیادہ منافع دیا جا رہا ہے، جہاں 3 ماہ کے لیے 11.75 فیصد، 6 ماہ کے لیے 12 فیصد اور 12 ماہ کے لیے 12.25 فیصد شرح منافع مقرر ہے۔ اسی طرح 3 سال اور 5 سال کے لیے یہ شرح بالترتیب 12.50 فیصد اور 12.75 فیصد تک پہنچتی ہے۔
یورو میں سرمایہ کاری پر نسبتاً کم منافع دیا جائے گا، جہاں 3 ماہ کے لیے 4.75 فیصد، 6 ماہ کے لیے 5.25 فیصد اور 12 ماہ کے لیے 5.50 فیصد شرح مقرر کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹس غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کا ایک اہم اور مقبول مالیاتی ذریعہ بن چکا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2020 میں آغاز کے بعد سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے تحت مجموعی طور پر 12.744 ارب ڈالر کی آمد ہوئی ہے، جس میں سے 62 فیصد سے زائد سرمایہ کاری NPCs میں کی گئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے تحت آنے والی رقم میں سے تقریباً 8.15 ارب ڈالر مقامی طور پر استعمال ہو چکے ہیں، جبکہ مجموعی قابل واپسی ذمہ داری (Net Repatriable Liability) 2.44 ارب ڈالر ہے۔









